قومی نصاب کونسل کی تکنیکی کمیٹی میں جزوی تبدیلیاں

قومی نصاب کونسل کی تکنیکی کمیٹی میں جزوی تبدیلیاں

ڈاکٹر شاہد سرویا سمیت 4نئے اراکین تعینات، نصاب سازی کے ٹی او آرزپر مشاورت دینگے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے قومی نصاب کونسل کی تکنیکی کمیٹی کی تشکیل میں جزوی تبدیلیاں کرتے ہوئے تعلیم کے شعبے کے معروف محقق ڈاکٹر محمد شاہد سرویا سمیت 4نئے اراکین کو کمیٹی کا حصہ بنا دیا ہے۔ وفاقی تعلیم سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان انتظامی تبدیلیوں کے بعد شامل ہونے والے تمام نئے اراکین کمیٹی کے منظور شدہ شرائطِ کار (ٹی او آرز) کے تحت قومی نصاب سازی کے عمل، جدید تعلیمی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمتِ عملی، اور معیارِ تعلیم کی بہتری کیلئے کونسل کی اہم ترین مشاورت و کارروائیوں میں اپنا کلیدی علمی حصہ ڈالیں گے۔ 4جون 2026ء کو منعقدہ تکنیکی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں اس اہم تعلیمی ونگ کی پوزیشنز میں یہ جزوی ترامیم کی گئی ہیں۔

کمیٹی کے ان نئے اراکین میں سب سے نمایاں نام تعلیمی شخصیت ڈاکٹر محمد شاہد سرویا کا ہے، جو اس وقت کامسیٹس یونیورسٹی ساہیوال کیمپس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ وزارتِ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق، کونسل میں کی جانے والی ان جزوی تبدیلیوں کے نتیجے میں ڈاکٹر محمد شاہد سرویا کے ہمراہ 3دیگر نئے اراکین کو بھی باضابطہ طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ان نئے اراکین میں وفاقِ نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل جاوید اقبال مرزا، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر (پالیسی اینڈ ریسرچ) و انچارج ڈاکٹر محمد ضیغم قدیر اور ممتاز ماہرِ تعلیم اسفند یار خان شامل ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں