محرم الحرام میں امن کی بحالی یقینی بنائی جائے ،صہیب بھرتھ
جلوسوں کے راستوں پر عملہ تعینات کیا جائے اور صفائی ستھرائی، نکاسی آب کی ہدایت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن کے انتظامی امور کی نگرانی کی ذمہ داری سونپے جانے کے بعد صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے محرم الحرام اور یومِ عاشور کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک آن لائن اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کمشنر، آرپی او، ڈپٹی کمشنرز، ضلعی پولیس افسران اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے دوران امن و امان، جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ملک صہیب احمد بھرتھ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت مکمل طور پر فعال رہیں اور ہنگامی طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں پر عملہ تعینات کیا جائے اور صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی خدمات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں کی مناسب تعداد جلوسوں کے راستوں پر موجود رہے تاکہ عزاداروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔