سی ڈی اے، 4روزہ ورکنگ ویک، ایندھن بچت کی پابندیاں ختم
ایندھن کی معطلی اور فیول کوٹہ میں 50فیصد کمی سمیت تمام متعلقہ احکامات بھی واپس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سی ڈی اے نے وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق چار روزہ ورکنگ ویک اور ایندھن کی بچت سے متعلق پابندیاں اٹھا لی ہیں۔ چار روزہ ورکنگ ویک، گرائونڈڈ گاڑیوں کیلئے ایندھن کی معطلی اور فیول کوٹہ میں 50فیصد کمی سمیت تمام متعلقہ احکامات بھی واپس لے لئے گئے ہیں۔ سرکلر کے مطابق سی ڈی اے کے تمام دفاتر اب معمول کے اوقات کار کے مطابق کام کریں گے، جہاں پانچ روزہ ہفتہ وار شیڈول کے تحت دفاتر پیر تا جمعہ صبح 8بجے سے شام 4بجے تک کھلے رہیں گے۔
جبکہ نماز و ظہرانے کا وقفہ دوپہر 1بجے سے 1:30بجے تک ہو گا اور 6روزہ ہفتہ وار شیڈول والے دفاتر پیر تا ہفتہ صبح 8بجے سے سہ پہر 3بجے تک کام کریں گے جبکہ نماز و ظہرانے کا وقفہ دوپہر 1بجے سے 1:30بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور سیکشنل ہیڈز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات سے اپنے ماتحت عملے کو آگاہ کریں اور ان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔