چین کے اشتراک سے بنجر زمینوں کی بحالی ،تحقیقی لیبارٹری قائم کرنیکا فیصلہ

 چین کے اشتراک سے بنجر زمینوں کی بحالی ،تحقیقی لیبارٹری قائم کرنیکا فیصلہ

زرعی شعبے کی ترقی ،خوراک کی پیداوار اور دیہی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان اور چین کے اشتراک سے بنجر زمینوں کی بحالی اور جدید زراعت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ دونوں ممالک نے بنجر اور صحرائی علاقوں کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی پر مبنی پہلی زرعی تحقیقی لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔منصوبے کا مقصد پاکستان کی وسیع بنجر اور صحرائی زمینوں کو جدید سائنسی طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی پیداوار کے قابل بنانا ہے۔

اس اقدام سے نہ صرف زرعی شعبے کی ترقی میں مدد ملے گی بلکہ خوراک کی پیداوار اور دیہی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔اس سلسلے میں چین کی تاریم یونیورسٹی اور نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان مشترکہ طور پر تحقیق، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال اور کسانوں کی تربیت کے لیے کام کریں گی۔ منصوبے کے تحت شمسی توانائی سے چلنے والے گرین ہاسز، ڈرون کے ذریعے فصلوں کی نگرانی اور جدید ڈرپ آبپاشی نظام متعارف کرایا جائے گا۔ماہرین کے مطابق کم لاگت والے جدید ڈیزرٹ سولر گرین ہاس سسٹم کے استعمال سے زمین کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ زرعی پیداوار میں 35 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں