فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،2کروڑ کی مضر صحت اشیا ئے صرف تلف
ناقص حفظانِ صحت کے انتظامات،غیر معیاری خوراک کی تیاری پر 11لاکھ 50 ہزار کے جرمانے مضرِ صحت خوراک کی تیاری میں ملوث 7پروڈکشن یونٹس سیل ،4 مقدمات
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا اور14 مقامات پر سخت کارروائیاں کرتے ہوئے 2کروڑ روپے مالیت مضر صحت اشیا ئے خورد ونوش موقع پر تلف جبکہ لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد پروڈکشن یونٹس بند کر دیے گئے ۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملاوٹ مافیا اور ناقص صفائی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران مختلف اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں، ناقص حفظانِ صحت کے انتظامات اور غیر معیاری خوراک کی تیاری پر مجموعی طور پر 11 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔کارروائیوں کے دوران تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کی ممنوعہ، مضرِ صحت اور غیر معیاری اشیائے خورونوش موقع پر تلف کر دی گئیں۔ تلف کیے گئے سامان میں 10 ہزار 950 لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس، 1 ہزار 300 لیٹر ملاوٹی دودھ، 30 ہزار ساشے گٹکا، 250 کلو گرام گلا سڑا گوشت اور 425 کلو گرام ممنوعہ چائنیز نمک شامل تھا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے قوانین کی خلاف ورزی اور مضرِ صحت خوراک کی تیاری میں ملوث 7 پروڈکشن یونٹس کو بھی سیل کر دیا۔ مزید برآں انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 4 مقدمات (ایف آئی آرز) بھی درج کروا دی گئیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔