اسلام آباد پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرینگے ،آئی جی
بھرتی کے تمام مراحل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا ،کوئی سفارش قبول نہیں کرینگے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کے مجوزہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے بھرتی کے تمام مراحل کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ بھرتی کے پورے عمل کو اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، دیانت داری اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ صرف اہل، باصلاحیت اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے ۔آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل اور عوام دوست فورس بنانے کے لیے بہترین افرادی قوت کی بھرتی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھرتی کے تمام مراحل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی سفارش یا غیر قانونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس میں مختلف کیڈرز کی خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے ۔