زمیندار پر تشدد، سابق وزیر کے بھتیجے کیخلاف مقدمہ
عمیر احمد پراچہ موگے کی طرف گیا تو پانی احتشام الحق پراچہ کے رقبے میں جا رہا تھا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا کے نواحی علاقے میں نہری پانی کے تنازع پر زمیندار کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے ، اسلحہ کے زور پر دھمکیاں دینے اور سیاسی وابستگی پر مجبور کرنے کے الزام میں سابق وفاقی وزیر کے بھتیجے سمیت 4افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ عمیر احمد پراچہ جو محلہ پراچگاں کا رہائشی اور پیشے کے اعتبار سے زمیندار ہے ، 22 جون 2026 کی شام اپنے زرعی رقبے کو نہری پانی سے سیراب کر رہا تھا۔ اس دوران پانی کا بہاؤ معمول سے کم ہو نے پر صورتحال جانچنے کے لیے موگھے کی جانب گیا تو معلوم ہوا کہ اس کی باری کا نہری پانی مبینہ طور پرسابق وفاقی وزیر کے بھتیجے احتشام الحق پراچہ کے رقبے میں جا رہا ہے ۔ اس پر اس نے فون کے ذریعے احتشام الحق پراچہ سے رابطہ کیا اور اپنی باری کے پانی کے استعمال پر اعتراض کیا،مدعی کا کہنا ہے کہ فون پر بات چیت کے دوران ملزم نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی اس کی باری کا پانی کاٹتے رہیں گے اور جو کرنا ہے کر لے ،ایف آئی آر کے مطابق مدعی بعد ازاں اپنے ڈیرے سے گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں مندر کے قریب پہلے سے موجود احتشام ، اسماعیل اور ان کے ساتھیوں نے اسے روک لیا۔