نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری سے کریں:کمشنر
نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری سے کریں:کمشنر مذہبی منافرت پر مبنی مواد کسی صورت آگے شیئر نہ کیا جائے :سیالکوٹ میں گفتگو
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ) نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال انتہائی ذمہ داری سے کریں، مذہبی منافرت پر مبنی مواد کسی بھی صورت آگے شیئر نہ کیا جائے ، علما کرام اور مشائخ مساجد اور امام بارگاہوں کے ذریعے شہریوں میں آگاہی پیدا کریں کہ نوجوان نادانی میں ملک دشمن عناصر کے آلہ کار نہ بن جائیں اور اپنے اور والدین کیلئے پریشانی کا سبب نہ بنیں۔یہ بات کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی اور آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے امام بارگاہ اڈا پسروریاں کے دورہ کے دوران محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی، انتظامی امور اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ڈی پی او دوست محمد بھی موجود تھے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی نشاندہی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔آر پی او نے کہا کہ 10محرم کے 86سے زائد ماتمی جلوس نکالیں جائیں گے اور انکو تین سطحوں پر سکیورٹی فراہم کی گئی ہے جبکہ 170روف ٹاپس پر بھی پولیس سکیورٹی مہیا کی گئی ہے ۔