ملاوٹی دودھ،دہی فروخت، خود ساختہ قیمتیں
قلعہ دیدار سنگھ او رگردو نواح میں سرکاری نرخوں پر دودھ اوردہی کا حصول ناممکن،زیادہ قیمت ادا کر نے کے با وجو د معیار تسلی بخش نہیں ، انتظامیہ کارروائی کرے :شہری
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار )ملاوٹی دودھ دہی سرعام فروخت ، قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ پر شہری پریشان ، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔قلعہ دیدار سنگھ اور گردونواح میں پاؤڈر ملے دودھ اور دہی کی سرعام فروخت ہو رہی ہے جبکہ قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ۔ شہریوں کے مطابق گلی محلوں میں سرکاری نرخوں پر دودھ اور دہی کا حصول ناممکن ہو چکاجبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دودھ 220روپے فی لٹر جبکہ دہی 240سے 250روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ سرکاری نرخ نامہ کے مطابق دودھ 170 روپے فی لٹر اور دہی 180روپے فی کلو مقرر ہے ۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ ٹیمیں گرانفروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں کیوں ناکام ہیں۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ مہنگے داموں فروخت ہونے والے دودھ کے معیار پر بھی سنجیدہ تحفظات موجود ہیں اور دودھ کی کوالٹی اکثر اوقات تسلی بخش نہیں ہوتی۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کی جائے اور دودھ کے معیار کی جانچ بھی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔