عشرہ محرم ،امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے ،صہیب احمد بھرتھ

عشرہ محرم ،امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے ،صہیب احمد بھرتھ

صوبائی وزیر تعمیرات کا چکوال ،جہلم اور اٹک کے دورے ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے چکوال، جہلم اور اٹک کے دورے کیے ۔ دوروں کا مقصد مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی اور سکیورٹی اقدامات کا معائنہ کرنا تھا۔چکوال کے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ساتویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر نے جلوس کے سکیورٹی انتظامات، عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سرویلنس سسٹم اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا جبکہ ڈی پی او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے پولیس فورس مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہے ۔تحصیل پنڈدادنخان، ضلع جہلم کے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے مختلف امام بارگاہوں کا معائنہ کیا اور لائسنس داران و انتظامیہ امام بارگاہوں سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عشرہ محرم کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ادھر صوبائی وزیر بسلسلہ محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے مری پہنچ گئے ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر کی زیر صدارت جناح ہال مری میں اجلاس منعقد ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے حوالے سے کیے جانے والے سیکورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات، روٹس کی سیکیورٹی، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں