ایچ نائن اتوار بازار آتشزدگی سے300دکانیں متاثر،12کروڑ کا نقصان

ایچ  نائن  اتوار  بازار  آتشزدگی سے300دکانیں متاثر،12کروڑ  کا  نقصان

سٹال ہولڈرز کی جانب سے فائر سیفٹی کے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کو اہم وجوہ قرار ، انکوائری کمیٹی تشکیل ، رپورٹ طلب مجموعی طور پر 2ہزار 743سٹال موجود ،فائر ہائیڈرنٹ کی عدم موجودگی کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات رہیں ، ابتدا ئی رپورٹ

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)ایچ نائن بازار میں گزشتہ روز آگ لگنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق یہ تباہ کن واقعہ رات 9 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا جس میں 300 دکانیں متاثر ہوئیں، آگ لگتے وقت ایک فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر موجود تھی، تاہم بازار بند ہونے سے پہلے اس گاڑی کو گیٹ کے باہر منتقل کر دیا گیا تھا اور بازار کو تالے لگا دیئے گئے تھے ، 5 منٹ بعد ہی یہ آگ بڑے پیمانے پر پھیل گئی، اگرچہ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر موجود تھی لیکن آگ کی شدت کے پیش نظر ایک گاڑی ناکافی ثابت ہوئی ۔ابتدائی رپورٹ میں سٹال ہولڈرز کی جانب سے فائر سیفٹی کے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کو اہم وجوہ قرار دیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بازار میں متعدد سٹالز کو کپڑوں اور ٹینٹوں سے ڈھانپا گیا تھا جس کی وجہ سے آگ تیزی سے ایک سے دوسرے سٹال تک پھیلتی رہی۔ بازار میں فائر ہائیڈرنٹ یعنی پانی کا کوئی ذخیرہ موجود نہ ہونے کے باعث ریسکیو عملے کو آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اتوار بازار میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ابتدائی طور پر مالی نقصان کا تخمینہ تقریبا 12ً کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے ۔انتظامیہ کے مطابق ایچ نائن اتوار بازار میں مجموعی طور پر 2 ہزار 743 سٹال موجود ہیں ۔ ذرائع کے مطابق فائر سیفٹی اقدامات میں کوتاہیوں اور بنیادی حفاظتی سہولیات کی عدم دستیابی نے آگ پر قابو پانے کے عمل کو مزید مشکل بنا دیا تھا ۔ ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے ۔ 8 رکنی کمیٹی سے 72 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں