راولپنڈی ،پولیس اور ڈاکوئوں میں فائرنگ کا تبادلہ ،ایک ملزم گرفتار
نصیر آباد میں مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکا گیا تو انہوں نے فائر کھول دیا گرفتار ملزم کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی ،سنگین مقدمات میں ملوث تھا
راولپنڈی (اے پی پی) تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں رات گئے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کے دوران پولیس اور ڈاکوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق نصیر آباد پولیس معمول کی گشت پر تھی کہ اس نے مشکوک موٹر سائیکل سوار دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عثمان کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ملزم ہے ۔ اس کے قبضے سے وہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا جو چند روز قبل ایک شہری سے اسلحے کے زور پر چھینا گیا تھا۔