دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر عملدرآمد تیز کیا جائے ،جی ایم واپڈا
بریگیڈیئر(ر) شعیب تقی کا گلگت، دیامر کا دورہ ، متاثرین کی بحالی پر زوردیا
گلگت (اے پی پی)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد سعید کی خصوصی ہدایت پر جنرل منیجر واپڈا بریگیڈیئر(ر) شعیب تقی نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت جاری سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں، متاثرین کی بحالی، اعتماد سازی کے اقدامات،معاہدہ 2025 پر عملدرآمد کو مزید تیز کرنے اور حکومت گلگت بلتستان و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو مزید موثر بنانے کے لیے گلگت اور دیامر کا چار روزہ دورہ کیا ،جی ایم واپڈا نے متاثرین کی بحالی پر زوردیا اور ہدایات دیں کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر عملدرآمد تیز کیا جائے ۔جی ایم واپڈا نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، کمشنر دیامراستور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر دیامر، ڈیم علما کمیٹی اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران واپڈا پراجیکٹ آفس چلاس میں ایک جائزہ اجلاس بھی ہوا جس میں جنرل منیجر واپڈا نے چیئرمین واپڈا کی ہدایات کے مطابق تمام منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے ، درپیش رکاوٹیں فوری دور کرنے ، باہمی رابطہ موثر بنانے ، تعمیراتی معیار برقرار رکھنے اور منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔
بعد ازاں بریگیڈیئر(ر) شعیب تقی نے ہرپن داس ماڈل ویلج کا دورہ کرکے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور پلاٹس کے لیے زمین ہموار کرنے سمیت تمام ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ جنرل منیجر واپڈا نے وفد کو یقین دلایا کہ متاثرین کے جائز حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام معاملات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جارہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments