عالمی سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کا آن لائن فراڈ کا انکشاف
موبائل کنکشن یا سم کارڈ خریدنے والے صارفین کو نشانہ بنایا جا رہا :ماہرین
اسلام آباد(نامہ نگار)سیاحتی سیزن کے عروج پر مواصلاتی اور موبائل انٹرنیٹ سروسز کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے ، عالمی سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے ماہرین نے ایسے آن لائن فراڈ کا انکشاف کیا ہے جس میں دنیا بھر میں موبائل کنکشن یا سم کارڈ خریدنے والے صارفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ ماہرین کے مطابق سائبر مجرم معروف علاقائی اور بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنیوں کی ویب سائٹس سے مشابہ جعلی ویب سائٹس تیار کرتے ہیں تاکہ صارفین کو دھوکا دے کر ان سے فون نمبر، ذاتی معلومات اور بینکاری تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے جعلی پلیٹ فارمز پر لاگ اِن یا ادائیگی سے متعلق معلومات درج کرنے سے نہ صرف مالی نقصان ہو سکتا ہے بلکہ ذاتی معلومات بھی چوری ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں اسپام پیغامات اور جعلی فون کالز میں اضافہ ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔ ایک اور فراڈ میں جعلساز شمالی افریقہ، مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا میں سرگرم ایک بین الاقوامی مواصلاتی کمپنی کا روپ دھارتے ہیں۔ اس اسکیم میں صارفین کو موبائل ڈیٹا یا انٹرنیٹ پیکیج ری چارج کرنے کے بہانے اپنی ذاتی معلومات اور بینک کارڈ کی تفصیلات فراہم کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے ۔کیسپرسکی کی سائبر سیکیورٹی ماہر تاتیانا کولیکووا کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کی بدولت جعلساز اب پہلے سے کہیں زیادہ تیزی اور مہارت کے ساتھ جعلی ویب صفحات تیار کر رہے ہیں، جو صارفین کی دلچسپی کے مختلف شعبوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ ان کے مطابق کھیلوں کے بڑے مقابلے ، موسیقی کے کنسرٹس، موسمی سیلز، تعطیلات اور اب ٹیلی کام خدمات بھی سائبر مجرموں کے اہم اہداف بن چکی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments