اسسٹنٹ کمشنر رویہ کیخلاف ضلعی عدالتوں میں وکلا کی جزوی ہڑتال
اکثریت عدالتوں میں پیش، قائم مقام ڈی سی کی آمد، معذرت پر احتجاجی ریلی منسوخ ڈپٹی کمشنر کی چھٹیوں سے واپسی پر تبادلہ کر دیا جائے گا:بار ایسوسی ایشن کو یقین دہانی
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے /خصوصی رپورٹر) اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی کال پر اسسٹنٹ کمشنر ماہین حسن کے وکلا سے توہین آمیز رویہ کے معاملہ پر ڈسٹرکٹ کورٹس میں جزوی ہڑتال ہوئی، وکلاء کی اکثریت عدالتوں میں پیش ہوتی رہی۔ قائم مقام ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ محمد یوسف، اسسٹنٹ کمشنر عبدالہادی، تحصیلدار اویس خان اور علاقہ ایس ایچ او ڈسٹرکٹ کورٹس پہنچ گئے اور مذاکرات کیے ، انہوں نے معذرت کرتے ہوئے وکلاء کو تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر ڈپٹی کمشنر آفس تک احتجاجی ریلی منسوخ کر دی گئی۔ بعد ازاں اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے وکلا اور سائلین کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپنانے پر بار ایسوسی ایشن سے معذرت کی گئی اور یقین دہانی کرائی گئی کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی چھٹیوں سے واپسی پر تبادلہ کر دیا جائے گا، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ بار کی کابینہ کمیٹی ہر پندرہ دن بعد انتظامیہ کے ساتھ اجلاس کرے گی جس میں مسائل کے تدارک کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ، نجی مقدمات میں ضمانت کیلئے بھاری شورٹی ختم کر دی گئی، مجسٹریٹس سے دستاویزات کی تصدیق کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہو گی یہ سہولت فسلیٹیشن سینٹر میں دستیاب ہو گی۔ وکلاء کیلئے علیحدہ ویٹنگ رومز بھی بنائے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments