پاکستان اور سپین کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم
وفاقی وزیر ثقافت سے سپین کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان میں سپین کے سفیرکارلوس آراگون گل دے لا سرنا نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے خیرسگالی ملاقات کی۔ ملاقات میں ثقافت، ورثے کے تحفظ، آثارِ قدیمہ، عجائب گھروں، ادب، تعلیم اور ثقافتی سفارت کاری کے شعبوں میں پاکستان اور سپین کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو ثقافتی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔وفاقی وزیر نے سپین کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسپین کے ساتھ اپنے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور ورثے کے تحفظ، آثارِ قدیمہ کی تحقیق، عجائب گھروں کی ترقی، ادبی تبادلوں، ثقافتی میلوں اور تعلیمی شراکت داری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اقوام کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہے اور باہمی ہم آہنگی، عوامی روابط اور عالمی امن کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ سپین کے سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا نے پاکستان کے شاندار ثقافتی اور تاریخی ورثے کو سراہتے ہوئے ثقافت، آثارِ قدیمہ، ورثے کے تحفظ، عجائب گھروں، تعلیم اور ادبی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین میں مقیم پاکستانی برادری میں ان کے متعدد قریبی دوست ہیں، جو ہسپانوی معاشرے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments