ذہنی صحت کیلئے نیشنل ہب آف ایکسی لینس قائم کرنیکا فیصلہ

ذہنی صحت کیلئے نیشنل ہب آف ایکسی لینس قائم کرنیکا فیصلہ

قومی مرکز تحقیق ، قانون سازی،جدید مینٹل ہیلتھ پالیسی کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کریگاجامعات، تدریسی ہسپتالوں اور ماہر تنظیموں سے تجاویز طلب، مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائیگا

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزارتِ قومی صحت نے پاکستان میں نفسیاتی مسائل پر قابو پانے اور ذہنی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے قومی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نیشنل ہب آف ایکسی لینس فار مینٹل ہیلتھ قائم کیا جائے گا جہاں نفسیاتی علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت سے متعلق قانون سازی، پالیسی سازی اور قومی مینٹل ہیلتھ پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ قومی مرکز برائے مینٹل ہیلتھ ملک میں ذہنی صحت کے شعبے میں تعلیمی ترقی، سائنسی تحقیق، ماہرین کی تربیت اور عوام میں نفسیاتی امراض سے متعلق سائنسی بنیادوں پر آگاہی پیدا کرنے کیلئے کام کرے گا۔ منصوبے کا بنیادی مقصد ذہنی صحت سے متعلق منفی سماجی رویوں کا خاتمہ، شہریوں کو جدید، معیاری اور آسانی سے قابلِ رسائی نفسیاتی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزارتِ قومی صحت نے ہب کو مؤثر اور پائیدار انتظامی بنیادوں پر چلانے کیلئے تعلیمی، طبی اور تحقیقاتی اداروں کا تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے سرکاری و نجی اداروں، جامعات، تدریسی ہسپتالوں اور ذہنی صحت کے شعبے میں کام کرنے والی ماہر تنظیموں سے مشترکہ لائحہ عمل اور ذمہ داریوں سے متعلق تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔ نیشنل ہب آف ایکسی لینس فار مینٹل ہیلتھ کے قیام سے تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری، سائنسی تحقیق کے فروغ، جدید علاج کے نظام کی بہتری اور انفرادی و قومی سطح پر مؤثر ذہنی صحت کی حکمتِ عملی مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...