وزیرثقافت سے قازق سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
دونوں ممالک کے درمیان قائم ثقافتی تعاون آئندہ بھی مزید مضبوط ہوگا،اورنگزیب کھچی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے جمعہ کو ان کے دفتر میں الوداعی ملاقات کی جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان ثقافت، ورثہ، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم ثقافتی تعاون آئندہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔ سفیر یرژان کستافین نے پاکستان، قازقستان اور وسطی ایشیا کے تاریخی و ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز سے سیاحت، تجارت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے پاکستانی طلبہ کے لیے قازقستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکالرشپس کا بھی ذکر کیا۔اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کے متوقع دورۂ قازقستان سے دوطرفہ تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔ سفیر نے آستانہ کے عالمی معیار کے ثقافتی اداروں کا ذکر کرتے ہوئے تجویز دی کہ وزیرِ اعظم کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے فنکاروں کی مشترکہ ثقافتی پرفارمنسز کا اہتمام کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments