کشمیریوں کا پاکستان سے لازوال رشتہ ہے ،حریت کانفرنس
مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کشمیری عوام کیلئے حوصلے اور امید کا باعث ،مقررین
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار )پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ تقریب میں سینئر حریت رہنماؤں، اور بچوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر غلام محمد صفی نے حکومتِ پاکستان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان و کشمیر کے عوام کے درمیان یہ لازوال رشتہ دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعاگو ہیں۔ حریت رہنما فیض نقشبندی نے بھی پاکستان کے یومِ آزادی پر حکومتِ پاکستان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان رشتہ تاریخی، نظریاتی اور قلبی وابستگی پر قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کشمیری عوام کے لیے حوصلے اور امید کا باعث ہے ۔، جبکہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments