ریلوے سیفٹی سیمینار، حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد کی ہدایت
ریلوے سیفٹی سیمینار، حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد کی ہدایتڈرائیورز، انجینئرز ، سینئر عملہ شریک، فائر فائٹنگ آلات استعمال کرنیکی مشق
ملتان (خصوصی رپورٹر) پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن میں ٹرین آپریشن کو محفوظ بنانے اور حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کمیٹی روم میں سیفٹی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ محمد خالد خان کی ہدایت پر ہوا، جس میں مکینیکل شعبے سے وابستہ ڈرائیورز، انجینئرز اور سینئر عملے نے شرکت کی۔ ڈویژنل مکینیکل انجینئر عبید پال اور اسسٹنٹ مکینیکل انجینئر ضرغام عباس نے خطاب کرتے ہوئے ٹرین آپریشن کے دوران حفاظتی اقدامات، انجنوں کی تکنیکی حالت اور سیفٹی رولز پر سختی سے عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کی۔مقررین نے ٹرینوں میں اوور لوڈنگ، ہاٹ ایکسل ڈیٹیکشن، ٹرس بار ہینگنگ، انجنوں کی بروقت مینٹیننس، مقررہ رفتار اور انجینئرنگ پابندیوں پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت کی۔
گارڈ اور ڈرائیور کے درمیان مؤثر رابطے اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دینے پر بھی زور دیا گیا۔ اسٹیشن پر سگنلز کو درست طور پر دیکھنے ، پروسیڈ سگنل کا باقاعدہ تبادلہ کرنے اور سگنل واضح نہ ہونے کی صورت میں اسٹیشن ماسٹر سے ٹیلی فون پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔سیمینار میں گاڑیوں کی فٹنس، ٹیکنیکل اسٹاف کی رہنمائی، باہمی تعاون اور کام پر مکمل توجہ کی اہمیت بھی بیان کی گئی۔ تکنیکی غفلت سے اجتناب اور محفوظ ماحول برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ آخر میں شرکاء کو فائر فائٹنگ آلات کے استعمال کی عملی مشق بھی کرائی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments