کم از کم اجرت بورڈ کا اجلاس، تنخواہوں میں 10فیصداضافہ کی منظوری

کم از کم اجرت بورڈ کا اجلاس، تنخواہوں میں 10فیصداضافہ کی منظوری

معاشی صورتحال کے پیش نظر مزدوروں کی اجرت میں مناسب اضافے کی ضرورت پر غوراجرتوں کے مؤثر نفاذ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے اس پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) کم از کم اجرت بورڈ اسلام آباد کا اہم اجلاس چیئرمین بورڈ عثمان اشرف کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں مالی سال 2026-27کیلئے مزدوروں کی کم از کم اجرت کے موجودہ نرخوں کا جائزہ لینے کے بعد تنخواہوں/ اجرتوں میں 10فیصد اضافے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ ملک زبیر اعوان، لیبر آفیسر ملک عمر اعوان، انڈیپنڈنٹ ممبر وقار احمد قاضی، بورڈ ممبران محمد نعیم اور چوہدری یاسین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ہنرمند ،نیم ہنرمند ، غیر ہنرمند اور جز وقتی کارکنوں پر لاگو موجودہ کم از کم اجرت کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شرکاء نے مہنگائی، روزمرہ زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات، بنیادی ضروریات اور مجموعی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کی اجرت میں مناسب اضافے کی ضرورت پر غور کیا۔ غوروخوض کے بعد کم از کم اجرت بورڈ نے تمام متعلقہ کیٹیگریز کے کارکنوں کی موجودہ اجرتوں میں 10فیصد اضافے کی متفقہ طور پر منظوری دی۔ بورڈ نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر مزدور طبقے کو معاشی ریلیف فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بورڈ نے مزدوروں اور آجرین کے نمائندگان سے مشاورت، اجرتوں کے مؤثر نفاذ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...