ماحولیاتی آلودگی اور سیلاب جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، سپیکر اسمبلی

 ماحولیاتی آلودگی اور سیلاب جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، سپیکر اسمبلی

ماحول کے تحفظ، ماحولیاتی توازن کے قیام ، صاف و صحت مند ماحول کیلئے درخت ناگزیر ،پیغام

اسلام آباد(نامہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ درخت ماحول کے تحفظ، ماحولیاتی توازن کے قیام اور صاف و صحت مند ماحول اور حیات کی بقاء کے لئے ناگزیر ہے ۔ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، پانی کی کمی، ماحولیاتی آلودگی اور سیلاب جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ، جن سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے شجرکاری کے فروغ اور جنگلات کے رقبے میں اضافے کو قومی ترجیحات میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجرکاری کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا، جو ہر سال 18 اگست کو ملک بھر میں منایا جاتا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ درخت نہ صرف فضا کو صاف رکھنے، آکسیجن کی فراہمی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرنے اور زمین کے کٹاؤ کی روک تھام کیلئے مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔بارش کے پانی کو زمین میں جذب کرنے ، آبی ذخائر کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور سبز رقبے میں کمی سے زمین کی پانی جذب کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے ، جس کے نتیجے میں بارشوں دوران سیلاب کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ، دریاؤں اور قدرتی آبی گزرگاہوں کی حفاظت اور بڑے پیمانے پر شجرکاری سیلاب کے خطرات کم کرنے اور ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات ہیں۔سپیکر نے کہا کہ شجرکاری محض درخت لگانے تک محدود نہیں بلکہ ان کی مناسب دیکھ بھال اور نشوونما یقینی بنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...