آئی بی سی سی فورم کا اجلاس ،امتحانی نظام کی بہتری کیلئے اہم فیصلے
اسیسمنٹ اور امتحانی طریقہ کار میں زیادہ یکسانیت لانے کے اقدامات کی منظوری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC)فورم کا دو روزہ 184واں اجلاس گزشتہ روز مری میں اختتام پذیر ہو گیا، جس میں پاکستان کے امتحانی نظام کو رٹہ سسٹم سے تصوراتی اور فہم پر مبنی جانچ کی جانب منتقل کرنے، شفافیت و یکسانیت کو فروغ دینے اور پاکستانی تعلیمی اسناد کی بین الاقوامی شناخت مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ۔فورم میں ملک بھر کے ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈز (BISEs) کے چیئرپرسنز، ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈز، نصاب اور ٹیکسٹ بک بورڈز کے سینئر نمائندگان نے شرکت کی۔شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے نیشنل کوآرڈینیٹر آئی بی سی سی فورم عنایت اللہ وسیم نے امتحانی اصلاحات میں تمام بورڈز کی فعال شرکت اور مشترکہ ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی سی سی فورم ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کو ایک ایسا قومی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں وہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ، کامیاب اقدامات کا تبادلہ اور امتحانی نظام کو درپیش مشترکہ چیلنجز کے حل کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کرسکتے ہیں۔ فورم نے اس ضمن میں اسیسمنٹ اور امتحانی طریقہ کار میں زیادہ یکسانیت لانے کے اقدامات کی منظوری دی، جو پاکستانی تعلیمی اسناد کی ساکھ اور بین الاقوامی شناخت کو مزید مستحکم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے ۔فورم کو آگاہ کیا گیا کہ سندھ کے تعلیمی بورڈز، فیڈرل ، میرپور آزاد کشمیر ، قراقرم ، آغا خان اور ضیا الدین بورڈ زنے نئی گریڈنگ پالیسی پر عمل درآمد شروع کردیا ہے ، جس کے تحت کم از کم پاسنگ مارکس 40 فیصد کردیئے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments