ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026میں پاکستان پویلین کا افتتاح

  ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026میں پاکستان پویلین کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں پاکستان کی اشاعتی اور ادبی برادری کے نمائندگان نے شرکت کی

اسلام آباد (دنیا رپورٹ )ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر ADIBF( 2026)میں پاکستان پویلین کا افتتاح ابوظہبی کے ADNEC سینٹر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان کی اشاعتی اور ادبی برادری کے نمائندگان نے شرکت کی، جن میں نیشنل بک فاؤنڈیشن پاکستان (NBF) کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند، بک کارنر پاکستان کے ڈائریکٹر امر شاہد، اور اردو بکس ورلڈ کے شریک بانی سرمد خان شامل تھے ۔پاکستان پویلین میں پاکستان کے ادبی، تعلیمی، ثقافتی اور فکری ورثے کی عکاسی کرنے والی مختلف نوعیت کی مطبوعات پیش کی گئی ہیں۔ پویلین میں نیشنل بک فاؤنڈیشن، بک کارنر پاکستان اور پاکستان کے دیگر معروف ناشرین کی کتب شامل ہیں۔

جن میں اردو اور انگریزی ادب، بچوں کی کتب، تعلیم، تاریخ، ثقافت، مذہب، شاعری، افسانوی ادب، سوانح حیات اور عصری موضوعات پر مبنی کتابیں شامل ہیں۔افتتاح کے بعد سفیر شفقت علی نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور شریک ناشرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستانی ادب کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی ادبی اور ثقافتی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفارتخانے کے تعاون کا اعادہ کیا۔سفیر نے ابوظہبی عربی لینگویج سینٹر (ALC) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عالی مرتبت سعید حمدان الطنیجی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ادب، اشاعت، ترجمہ، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...