اسلام آباد میں ای ایم جی ایس کا ’’سٹڈی اِن ملائیشیا ایجوکیشن فیئر ‘‘
طلبہ،والدین کی شرکت ،ملائیشیا کی جامعات، وظائف اور کیریئر کے مواقع میں طلبہ کی دلچسپی
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز (EMGS) کے زیرِ اہتمام ‘‘اسٹڈی اِن ملائیشیا ایجوکیشن فیئر 2026’’ اسلام آباد میں 15 اور 16 ستمبر کو منعقد ہوا، جس میں سینکڑوں طلبہ، والدین، تعلیمی ماہرین، پیشہ ور افراد اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔تعلیمی میلے کا مقصد پاکستانی طلبہ کو ملائیشیا کی معروف جامعات کے نمائندوں سے براہِ راست ملاقات اور اعلیٰ تعلیم کے مختلف مواقع سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر طلبہ کو انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پروفیشنل پروگرامز سمیت مختلف تعلیمی شعبوں میں دستیاب مواقع کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
شرکاء کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ڈگری پروگرامز، وظائف، داخلہ کے تقاضوں، طلبہ کے ویزوں، کیمپس کی سہولیات، رہائش اور ملائیشیا میں طلبہ کی زندگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ میلے کا افتتاح پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر ایچ ای داتو محمد اظہر مزلان نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط کے فروغ میں تعلیم کے اہم کردار پر زور دیا۔ہائی کمشنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ‘‘سٹڈی اِن ملائیشیا ایجوکیشن فیئر’’ جیسے اقدامات سے تعلیم، تحقیق، جدت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا۔میلے کے دوران پاکستانی طلبہ نے ملائیشیا میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ متعدد طلبہ نے جامعات کے نمائندوں سے داخلوں، وظائف اور مستقبل کے کیریئر کے راستوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments