سی ڈی اے پانچ اہم ہوٹل پلاٹس 26ستمبر کو نیلام کریگا
نیلامی صبح 10بجے جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی، بروشرز ویب سائٹ پر دستیاب
اسلام آباد (اے پی پی) سی ڈی اے اسلام آباد میں پانچ اہم ہوٹل پلاٹس کی اوپن نیلامی 26ستمبر 2026کو کرے گا۔ نیلامی صبح 10بجے جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی، نیلامی میں پلاٹ نمبر 22، ڈی 12مرکز، کنونشن سینٹر ہوٹل پلاٹ نمبر 6، ایف -5/1، فائیو سٹار ہوٹل پلاٹ نمبر 8، ایف -5/1، سری نگر ہائی وے پر سپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان ای 11ناردرن سٹرپ میں ہوٹل پلاٹ اور ایک دیگر پلاٹ شامل ہے۔ 75فیصد ادائیگی پرباقی رقم کی بینک گارنٹی کے ساتھ قبضہ دیا جائے گا۔ 25فیصد ڈپازٹ پر بلڈنگ پلان کی منظوری، 30دن کے اندر مکمل ادائیگی پر مجموعی رقم میں 5فیصد رعایت جبکہ امریکی ڈالر میں مکمل ادائیگی پر مزید 5فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔ سی ڈی اے بجلی کی لائنوں کی منتقلی، سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن، اراضی کی کلیئرنس اور علیحدہ رابطہ سڑکوں کی فراہمی میں سہولت فراہم کرے گا۔
سی ڈی اے کے مطابق شہر کے بڑھتے ہو ئے بین الاقوامی پروفائل کے پیش نظر معیاری ہوٹلوں، لگژری رہائش، کانفرنس سہولیات اور ریزورٹس کی ضرورت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی وفود، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات، سیاحوں اور تفریحی مسافروں کیلئے مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے، اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے جس کے تحت نیلامی سے ایک روز قبل ٹوکن جاری کیے جائیں گے جبکہ ادائیگی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس یا مقامی بینکنگ ذرائع سے کی جا سکے گی۔ نیلامی کے بروشرز سی ڈی اے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ اور سی ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments