مری، پبلک سروس، سکول ٹرانسپورٹ کی چیکنگ سخت
فائر سیفٹی کیلئے آگ بجھانے والے سلنڈر،فٹنس سرٹیفکیٹ کی موجودگی لازمی قرار
مری (نمائندہ دنیا) مری میں گاڑیوں میں آتشزدگی کے حالیہ واقعات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پبلک سروس اور سکول ٹرانسپورٹ کے حوالے سے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر عباس نے متعلقہ اداروں کو پبلک ٹرانسپورٹ اور سکول وینز کی چیکنگ مؤثر بنانے اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تمام پبلک سروس گاڑیوں میں فائر سیفٹی کیلئے آگ بجھانے والے سلنڈر اور فٹنس سرٹیفکیٹ کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے، گاڑیوں کی فٹنس اور حفاظتی انتظامات کی باقاعدگی سے جانچ کی جائے گی سکول ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، سکول وینز میں بچوں کو مقررہ گنجائش سے زائد بٹھانے گاڑی میں کھڑا کرنے یا دروازوں پر لٹکانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بچوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز نے انتظامیہ کے حفاظتی اقدامات کو بچوں کے تحفظ کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے اپنے معاشی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments