پاک،سری لنکا T-20، ٹرائی نیشن ODIسیریز ،فوڈ سڑیٹ بند
واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرہ، انٹری گیٹ پر نادرہ ویری فیکیشن کاؤنٹر قائمکمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت اجلا س ،فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنیکی ہدایت
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈ یم میں کرکٹ میچز کی سکیورٹی و دیگر انتظامی امور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 4اکتوبر تا 13نومبر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان بمقابلہ سری لنکا T-20اور ٹرائی نیشن ODIسیریز کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میچزمیں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات کو بھی بہترین بنایا جا رہا ہے تا کہ مہمان کھلاڑیوں کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی و امن پسندی کا ادراک ہو۔ یہی لوگ عالمی سطح پر ہمارا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ قومی مفاد کی خاطرقانون نافذ کر نے والے اداروں سے بھر پور تعاون کریں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ میچز کے انتظامات میں کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ ملحقہ فوڈ سٹریٹ کو 3اکتوبر سے بند کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈبل روڈ اور کرکٹ سٹیڈیم کے اردگرد موجود سڑک کا پیچ روک مکمل کیا جاچکا ہے اور روٹس پر موجود تمام سٹریٹ لائٹس کی مرمت بھی کی گئی ہے ۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ تمام متعلقہ اداروں کی مدد سے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرہ، انٹری گیٹ پر نادرہ ویری فیکیشن کاؤنٹر کا قیام اور راستے میں سے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تمام تر انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے سپورٹس کمپلیکس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ سیف سٹی کے علاوہ 200کیمرے لگائے جائیں گے۔ PKLIمیں 30بیڈڈ ایمرجنسی فیلیڈ ہسپتال بنایا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments