مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ،نجیب نقی
کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، بھارتی اقدامات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور اس کا حتمی حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے ، پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت قابلِ تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی ایسے اقدامات کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو ختم کر سکتے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments