چینی وفد کا کامسیٹس یونیورسٹی کا دورہ ،تعاون بڑھانے پر اتفاق
مشترکہ تحقیق، مشترکہ تعلیمی پروگرامز، سپروژن اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)) چین کی فودان یونیورسٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے چین کے لیے وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے تجارت، سرمایہ کاری و اقتصادی تعاون ڈاکٹر ظفر الدین محمود کے ہمراہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں دونوں جامعات نے اعلیٰ تعلیم، مشترکہ تحقیق، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے اور مشترکہ تعلیمی پروگراموں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے سینئر حکام اور فیکلٹی ارکان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ فودان یونیورسٹی کے وفد کی قیادت پروفیسر چن یان، ایسوسی ایٹ وائس پریزیڈنٹ و ایگزیکٹو ڈین گریجویٹ سکول نے کی۔ملاقات میں دونوں جامعات کے تعلیمی و تحقیقی ڈھانچے ، پوسٹ گریجویٹ تعلیم، سائنسی تحقیق اور بین الاقوامی روابط کا جائزہ لیا گیا، جبکہ طلبہ و فیکلٹی ایکسچینج، مشترکہ تحقیق، مشترکہ تعلیمی پروگرامز، سپروژن اور ثقافتی روابط کو باہمی تعاون کے اہم شعبوں کے طور پر زیر بحث لایا گیا۔ڈاکٹر ظفر الدین محمود نے پاک چین تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں، محققین اور تعلیمی اداروں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون دیرینہ پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔
فودان یونیورسٹی کے وفد کے سربراہ پروفیسر چن یان نے بتایا کہ یونیورسٹی پوسٹ گریجویٹ تعلیم اور بین الاقوامی روابط کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور غیرملکی طلبہ کو اعلیٰ معیار کی ڈاکٹریٹ اور تحقیقی مواقع فراہم کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments