وزیرتعلیم پنجاب نے تعلیمی میدان میں نمایاں کام کیا :ڈاکٹراقبال
فرسٹ ایئرنتائج میں کامیابی کا تناسب پچھلے سال کی نسبت11فیصد زیادہ رہا میرٹ کی بالادستی ، امتحانی عمل کی شفافیت اولین ترجیح:چیئرمین راولپنڈی بورڈ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا ہے کہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن غلام فرید نے تعلیمی میدان میں کارکردگی بہتر بنانے اور معیارِ تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں کام کیا ہے ، جس کے مثبت اثرات نتائج میں بہتری کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کنٹرولر امتحانات پروفیسر تنویر اصغر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ اوّل کے پہلے سالانہ امتحان 2026ء میں کامیابی کا تناسب 54.23 فیصد رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 11 فیصد زیادہ ہے ۔ کامیابی کے تناسب میں یہ اضافہ اساتذہ کی محنت، تعلیمی اداروں کی کاوشوں اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا مثبت مظہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز کے نتائج اداروں کی تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کی نمایاں کامیابیاں اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ محنت، صلاحیت اور میرٹ کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments