وفاقی تعلیمی اداروں میں ہیریٹیج ایجوکیشن انیشی ایٹو کا آغاز

 وفاقی تعلیمی اداروں میں ہیریٹیج ایجوکیشن انیشی ایٹو کا آغاز

چھٹی سے آٹھویں کے طلبہ کو دستکاریوں، فنون ،ثقافتی روایات سے روشناس کرایا جائیگا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے اشتراک سے وفاقی تعلیمی اداروں میں ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ہیریٹیج ایجوکیشن انیشی ایٹو کا آغاز کردیا ہے ، جس کے تحت چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کو پاکستان کی روایتی دستکاریوں، فنون اور ثقافتی روایات سے روشناس کرایا جائے گا۔منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں وفاقی نظامت تعلیم کے 10 سرکاری اسکولوں میں ہیریٹیج کلب قائم کیے جائیں گے ، جن میں ہر اسکول کے 20 سے 30 طلبہ شامل ہوں گے ۔ چھ ماہ پر مشتمل اس پروگرام میں ٹرک آرٹ، پیچ ورک، زیورات سازی، مٹی کے برتن بنانا، رباب اور ڈیجیٹل آرٹ جیسے چھ شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔وزارت کے مطابق اس اقدام کے تحت نصاب میں کوئی نیا مضمون، اضافی امتحان یا گریڈنگ اسائنمنٹ شامل نہیں کیا جائے گا، بلکہ طلبہ کو عملی سرگرمیوں، تحقیق، مشاہدے اور تخلیقی اظہار کے ذریعے ثقافتی ورثے کو سمجھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ پروگرام کے اختتام پر طلبہ کی تیار کردہ فن پاروں اور تخلیقی کاموں کی نمائش بھی منعقد کی جائے گی۔منصوبے کو مرحلہ وار وسعت دے کر وفاقی تعلیمی نظام کا مستقل حصہ بنانے کا ارادہ ہے ۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ، ثقافتی شعور اور قومی شناخت کے احساس کو فروغ دینے کے ساتھ پاکستان کی روایتی دستکاریوں اور ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...