اسلام آباد:سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی دیہی علاقوں تک توسیع
مقصد ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کے دیرینہ مسائل کو حل کرنا ہے بھارہ کہو سمیت زون فوراورفائیو کے دیہی ومضافاتی علاقے بھی شامل
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں سی ڈی اے نے اپنی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے زون فور اور زون فائیو کے دیہی علاقوں تک سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی خدمات کو توسیع دے دی ہے ۔ اس اہم اقدام کا مقصد ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کے دیرینہ مسائل کو حل کرنا اور شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے ۔نئے دیہی صفائی پیکیج کے تحت تقریبا 65 یونین کونسلز میں صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی سہولیات فراہم کیے جانے کا منصوبہ ہے ، جن میں زیادہ تر یونین کونسلز زون فور اور زون فائیو میں واقع ہیں۔ بھارہ کہو سمیت ان زونز کے دیگر دیہی اور مضافاتی علاقوں کو بھی اس نظام میں شامل کیا گیا ہے تاکہ مقامی رہائشیوں کو صفائی کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔سی ڈی اے نے ان خدمات کی فراہمی کے لیے ایک ترک کمپنی کو ذمہ داری سونپی ہے ، جو جدید ترین مشینری، جدید گاڑیوں اور تربیت یافتہ عملے سے لیس ہے ۔ اس منصوبے کے تحت روزانہ تقریبا 342 ٹن کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور اسے مناسب طریقے سے منتقل کرکے ٹھکانے لگانے کا انتظام کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تقریبا 1,300 سے 1,610 اہلکار تعینات کیے جائیں گے ، جبکہ تقریبا 103 سے 104 گاڑیاں اور مشینری کے یونٹس استعمال کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments