فیٹف سہولت کاری فارم کسی صورت قبول نہیں، علما کرام
دینی اقدار و روایات کیخلاف تمام آئینی و قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے،ادارہ نورحق میں مشاورتی اجلاس،تمام مکاتب فکر کے علما کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی میز بانی میں اتوار کو ادارہ نورحق میں تمام مکاتب فکرکے جید علما کرام اور مشائخ عظام کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مساجد کو بھیجا گیا فیٹف سہولت کاری فارم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں، کیونکہ یہ اقدامات سراسر غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر شرعی ہیں، ہر وہ قدم جو ہماری دینی اقدار و روایات اور مساجد و مدارس کے خلاف ہوگا اس کے خلاف زبردست عوامی احتجاج سمیت تمام آئینی، قانونی اور جمہوری طریقے اور اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ، عوام الناس کو اسلام دشمن، ملک دشمن اور بیرونی آقاؤں کی ایما پر کیے گئے اقدامات سے ہر سطح پر آگاہ کیا جائے گا، فوری طور پر معروف وکلا اور قانونی ماہرین پر مشتمل مشاورتی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جو فیٹف کے حوالے سے حالیہ جاری کیے گئے فارم سمیت حکومتی اقدامات کے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ مشاورتی اجلاس میں ڈاکٹر سعید اسکندر (وفاق المدارس العربیہ)،مولانا ریحان نعیمی (تنظیم المدارس)، علامہ یوسف قصوری (وفاق المدارس سلفیہ)، سید محمد تقی نقوی(وفا ق المدارس شیعہ)، مولانا عبد الوحید (رابطۃ المدارس الاسلامیہ)، علامہ اصغر الجوادی،محمد ابراہیم سکرگاہی، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرا برجیس احمد، مسلم پرویز، سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان،ڈپٹی سیکریٹری یونس بارائی اور دیگر علما کرام نے شر کت کی۔