ٹیکنیکل بنیادوں پرمجرموں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

ٹیکنیکل بنیادوں پرمجرموں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

بچی سے زیادتی و قتل کیس میں سزائے موت کے خلاف مجرموں کی اپیلیں مسترد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے 8 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور اس کے قتل میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزائے موت کے خلاف سید الطاف حسین و دیگرکی اپیلیں مسترد کردیں۔ فاضل عدالت نے ٹیکنیکل بنیادوں پر مجرموں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔ منگل کو جسٹس محمد کریم خان آغا کی سر براہی میں جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 8 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور اس کے قتل میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزائے موت کے خلاف سید الطاف حسین، حیدر شاہ، عارف شاہ اور شاہد محمود کی اپیل پر محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنایا۔ فاضل عدالت نے ملزمان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ٹیکنیکل بنیادوں پر مجرموں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا ہے کہ مجرموں کے خلاف شواہد موجود ہیں اور ان کی سزائیں کالعدم قرار نہیں دی جاسکتی ہیں۔ قبل ازیں پبلک پراسیکیوٹر کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ ملزموں نے 2018 میں 8 سالہ (ک)کوزیادتی کے بعد قتل کردیا تھا اور ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر ٹرائل کورٹ نے 2019 میں سزائے موت سنائی تھی جبکہ مجرموں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، لہٰذا استدعا ہے کہ ماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔مجرموں کے خلاف مقدمہ تھانہ سچل گوٹھ میں درج کیا گیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں