عدالت کا مہران ٹائون الاٹیز کے خلاف کارروائی روکنے کا حکم

عدالت کا مہران ٹائون الاٹیز کے خلاف کارروائی روکنے کا حکم

مذکورہ پلاٹس کی لیز منسوخ اور یوٹیلیٹی کنکشن منقطع کرنے سے بھی روک دیاگیا،ایس بی سی اے، کے ڈی اے کی کارروائیوں کیخلاف درخواست پر حکومت سے جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے مہران ٹاؤن کورنگی میں مختلف فیکٹریوں کے خلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی کارروائیوں کے خلاف دائر درخواستوں پر ایس بی سی اے اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کو مہران ٹاؤن الاٹیز کے خلاف کارروائی سے روک دیا ۔ عدالت نے مذکورہ پلاٹس کو منہدم ، سربمہر ، لیز منسوخ اور درخواست گزاروں کے یوٹیلیٹی کنکشن منقطع کرنے سے بھی روک دیا ۔ عدالت نے سندھ حکومت کو 20 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ بدھ کو جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ کے ڈی اے نے تمام واجبات وصول کرنے کے بعد پلاٹس کا قبضہ درخواست گزاروں کو دیا تھا۔ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بغیر کسی نوٹس کے عمارتوں کو منہدم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے سندھ حکومت کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مہران ٹاؤن الاٹیز کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے مذکورہ پلاٹس کو منہدم ، سربمہر ،لیز منسوخ اور درخواست گزاروں کے یوٹیلیٹی کنکشن منقطع کرنے سے بھی روک دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں