تبلیغی اجتماع میں ایس اوپیز کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت

تبلیغی اجتماع میں ایس اوپیز کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تبلیغی اجتماع گاہ میں دوران اجتماع ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے ، داخلی راستوں پر ویکسی نیشن کارڈ چیک کئے جائیں اور صفائی ستھرائی و جراثیم کش دواؤں کے چھڑکاؤ کا خصوصی اہتمام کیا جائے ۔

 ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر غربی زین العابدین انصاری نے ایڈمنسٹریٹر عبدالحلیم جاگیرانی کے ہمراہ اجتماع گاہ کے منتظمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی نے منتظمین کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی افسران اجتماع گاہ کے اطراف بہترین بلدیاتی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع اور مربوط حکمت عملی سے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر عبدالحلیم جاگیرانی نے موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اجتماع کے موقع پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے صبح و شام صفائی ستھرائی کے ساتھ جراثیم کش دواؤں کا اسپرے یقینی بنایا جائے، جبکہ اجتماع گاہ آنے والے راستوں میں جھاڑیوں کی کٹائی، روشنی کے انتظامات کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیر ومرمت کے کاموں کو قبل از وقت مکمل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کیا جائے۔اس موقع پر موجود بلدیاتی افسران نے اجتماع گاہ کے اطراف جاری کاموں سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ اجتماع گاہ کے اطراف صفائی ستھرائی، روشنی کی فراہمی اور تعمیر و مرمت کے کاموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں