الخدمت کے تحت اسٹڈی سینٹرزمیں یوم یتامیٰ کی تقاریب

الخدمت کے تحت اسٹڈی سینٹرزمیں یوم یتامیٰ کی تقاریب

حیدرآباد(نمائندہ دنیا) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت عالمی یوم یتامیٰ کے موقع پر اسٹڈی سینٹرز اور آغوش ہومز میں تقاریب کا اہتمام کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق الخدمت آرفن کیئرپروگرام کے تحت حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوالہ یار،سانگھڑ،مٹیاری اور سکھرسمیت سندھ بھرمیں قائم اسٹڈی سینٹرز اور تمام آغوش ہومز میں عالمی یوم یتامیٰ کے سلسلے میں تقاریب کا انعقاد کیاگیا۔

یتیموں کے عالمی دن کی مناسبت سے ہونے والی تقاریب میں الخدمت کے ضلعی ذمہ داران ، سماجی شخصیات،باہمت بچوں اوران کی ماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ باپ کے سائے سے محروم بچوں کی تعلیم اور ان کی کفالت ہمارادینہ فریضہ ہے ، الخدمت فاؤنڈیشن اس وقت 30 ہزار سے زائد آرفن بچوں کی کفالت کررہی ہے ، الخدمت کے 20 سے زائد آغوش ہومز میں بچوں کو بہترین خوراک اور رہائش کے ساتھ تعلیم وتربیت کا انتظام کیاجارہاہے ۔ مقررین کا کہناتھاکہ اسلامی دنیا میں یوم یتامیٰ منانے کا مقصد معاشرے میں شعور اُجاگرکرناہے ، ہمارامشن ہے کہ ہم یتیم بچوں کی کفالت کے کلچر کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں تاکہ کوئی بھی یتیم بچہ اچھی تعلیم اور خوراک سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہمارے معاشرے میں یتیم بچوں کے ساتھ نامناسب سلوک کیاجاتاہے ، ہم میں سے ہر فردکوچاہیے کہ اپنے رشتہ داروں اور اردگرد موجود یتیم بچوں کاخاص خیال رکھیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں