مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس حکام کو نوٹس جاری

مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس حکام کو نوٹس جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائیکورٹ نے دھوکہ دہی سے دو کروڑ پچاس لاکھ روپے کی رقم ہتھیانے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس کے خلاف درخواست پرپولیس حکام کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔درخواست میں ایس ایس پی کمپلین سیل ڈسٹرکٹ ساؤتھ، ایس ایچ او تھانہ میٹھادر، غلام مصطفی ، عثمان مصطفی، ملک بابر، سید امجد حسین کو فریق بنایا گیا ہے ۔

دوران سماعت درخواست گزارکے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے موقف اپنایاکہ محمد بابر سے غلام مصطفی، عثمان مصطفی،ملک بابر اور سید امجد حسین نے چاول فروخت کر نے کا جھانسہ دیکر ڈھائی کروڑ روپے بذریعہ بینک لیے ہیں ۔درخواست گزار سے رقم وصول کرلی لیکن غلام مصطفی اور اس کے ساتھیوں نے نہ تو چاول دییے اور نہ اس کی رقم واپس کی ہے اور جب درخواست گزار نے غلام مصطفی اور اس کے ساتھیوں سے اپنی رقم واپس مانگی تو انہوں نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے بھتہ مانگا۔عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ کے ساتھ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے ڈی ایچ اے ون میں گیس کے نئے کنکشن دینے کیخلاف درخواست پر درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کے لیے 15 دن کی مہلت دیدی۔ ایس ایس جی سی نے جواب جمع کروایا دیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ پرانی لائن بند کر کے نئی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ گیس سیفٹی رولز کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں