ادارہ ترقیات میں گھوسٹ ملازمین کی کوئی گنجائش نہیں،ڈی جی

ادارہ ترقیات میں گھوسٹ ملازمین کی کوئی گنجائش نہیں،ڈی جی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ملازمین کو دفتری ٹائمنگ کی پابندی کروانے کیلئے انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے ۔ترجمان کے ڈی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر میں بائیو میٹرک سسٹم کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی نے بائیو میٹرک سسٹم کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ترقیات کراچی کے تمام افسران وملازمین کی حاضری بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعہ کی جارہی ہے ، سوک سینٹر بلڈنگ کے مختلف مقامات پر نصب بائیو میٹرک سسٹم کی 4 مشینیں غیر فعال ہیں۔ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی اور ممبر ایڈمنسٹریشن نوید انور کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر فعال بائیو میٹرک مشینوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے جبکہ مسلسل غیر حاضر افسران و ملازمین کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے ، ادارہ ترقیات کراچی میں گھوسٹ ملازمین کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا افسران و ملازمین حاضری کو سو فیصد یقینی بنائیں۔انہوں نے ادارہ ترقیات کراچی کے مختلف شعبہ جات کے دورہ کے موقع پر ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کو پابند کیا کہ دفتری امور میں مزید بہتری لائی جائے ۔بعدازاں ڈی جی کے ڈی اے نے سوک سینٹر میں قائم انٹرنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا بھی معائنہ کیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں