غیر معیاری سلنڈر زپھٹنے کے واقعات میں لاہور سرفہرست

غیر معیاری سلنڈر زپھٹنے کے واقعات میں لاہور سرفہرست

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) غیر معیاری سلنڈر زپھٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔ ریسکیو1122رپورٹ کے مطابق لاہور حادثات میں پہلے نمبر پر ہے ، لاہور میں2سال کے دوران 107 اور پنجاب بھر میں 328واقعات رونما ہوئے ۔

 اوگرا دعوؤں کے باوجود بلیک مارکیٹنگ روک سکا اور نہ ہی غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت، ایل پی جی کی 7 ہزار د کانیں صرف لاہور میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق کسی ایک دکاندر نے بھی حفاظتی اقدامات نہیں کئے ،کھلے عام ایل پی جی کی فروخت جاری ہے ۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں لاہور ،ملتان، جھنگ ،شیخو پورہ، فیصل آباد اور چنیوٹ میں سلنڈرز پھٹنے سے 25 افرادجاں بحق اور40 سے زائد زخمی ہوئے ۔ اسی طرح لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی فروخت کر نے والے 90 فیصد سے زائد دکانداروں کے پاس لائسنس ہی نہیں ۔1122 کی رپورٹ کے مطابق2برس میں مجموعی طور پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں 328 سلنڈرز پھٹنے اور آگ لگنے کے واقعات ہوئے ،137 افراد جاں کی بازی ہار گئے ۔ ایل پی جی سلنڈرز پھٹنے سے 140 سے زائد افراد زخمی اور 80 جسمانی معذوری کا شکار ہوئے ۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا غیر معیاری سلنڈرز کے استعمال پر کارروائی نہ ہونا لائسنس ٹو کل ہے ، بلیک مارکیٹنگ نہ ر کنے سے عوام کے اربوں روپے لوٹے گئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں