کچرا کارآمدبنانے کیلئے قلیل مدت لائحہ عمل کی ہدایت

کچرا کارآمدبنانے کیلئے قلیل مدت لائحہ عمل کی ہدایت

کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اجلاس میں ہدایت دی کہ جی ٹی ایس پر آنے والے کچرے کوکارآمدبنانے کے لئے لائحہ عمل بنائیں جب تک سائنٹفک جی ٹی ایس بنانے کا عمل جاری ہے فی الحال کوئی قلیل مدت حل نکلنا چاہیے ۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رمضان کے بعد بھی اتوارکے دن صفائی کا کام انجام دیا جائے اورسڑکوں وپلوں کے کناروں سے مٹی کی صفائی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری اور ضلع وسطی میں صفائی کا کام بہت بہتر ہوا ہے جہاں شکایات ہیں انہیں بھی فوری حل کیا جائے ۔ اجلاس میں ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز علی شاہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میئرکراچی نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ،اس موقع پر انہوں نے شکایت کے ازالے کے لئے ہیلپ لائن نمبر 1128پر خود کال کی اور ہیلپ لائن کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو شکایات کا موقع نہیں ملنا چاہیے تمام شکایتی سیل فعال رکھے جائیں۔ اہم شاہراہوں کی مکینیکل سوئپنگ اور دھلائی کا کام بھی یقینی بنایا جائے اور دھلائی کے لئے شیڈول مرتب کریں اور فوری عملدرآمد شروع کریں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں