غیرقانونی تعمیرات میں ملوث بلڈرز کے خلاف گھیراتنگ کیا جائے،وزیربلدیات

غیرقانونی تعمیرات میں ملوث بلڈرز کے خلاف گھیراتنگ کیا جائے،وزیربلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و رورل ڈیولپمنٹ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اپنے قوانین میں وضاحت کرے ۔

 سال 2018 میں 6 ہزار غیر قانونی عمارتوں کے منہدم ہونے کے بعد اس کی موجودہ کیا پوزیشن ہے اس کی رپورٹ 48 گھنٹے میں رپورٹ پیش کی جائے ۔ محکمہ کے ڈی جی سمیت تمام افسران وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عوام میں بگڑے امیج کو درست کرنے کے لئے تمام افسران اور ملازمین کام کریں۔ کے ڈی اے کے تحت جو 6 اسکیمیں سالہا سال قبل مکمل ہوگئی ہیں ان کو کے ایم سی کے حوالے کرے ۔ کے ڈی اے کے جن 139 کھیل کے میدانوں پر تجاوزات اور چائنا کٹنگ ہوچکی ہے اور ان پر جو گھر بن گئے ہیں ان کا سروے کرایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے ) کے دورے اور ان دونوں محکموں کی بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ غیر قانونی تعمیرات سے بڑی تباہی کسی شہر کے لئے اور کوئی نہیں ہوتی اس لئے غیر قانونی تعمیرات پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور اس میں ملوث تمام افرادکے خلاف بلا خوف و خطر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

آئندہ جس علاقہ میں کوئی غیر قانونی عمارت بنائی گئی تو اس کہ ذمہ داری متعلقہ علاقہ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر پر عائد ہوگی۔ آئندہ تمام بلڈنگ انسپکٹر، سینئر بلڈنگ انسپکٹر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ماہانہ بنیادوں پر یہ سرٹیفکیٹ دیں گے کہ اس کے علاقہ میں کسی قسم کی کوئی غیر قانونی تعمیرات نہیں ہورہی ہیں ۔ایس بی سی اے عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو غیر قانونی عمارتوں میں گھروں کی خریداری نہ کرنے کی تلقین کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جو بلڈرز غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور اگر ان کے خلاف ایکشن کے سلئے قانون میں کسی ترامیم کی ضرورت ہے تو وہ بھی کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس بی سی اے میں کچھ لوگ شکایات کی درخواست دے کر واپس لے لیتے ہیں جو خلاف قانون ہے ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں