وزیر اعلیٰ سندھ سے عالمی بینک کے وفد کی ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور عالمی بینک کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ناجی بینہیسن کی سربراہی میں بینک کے وفد کے درمیان اجلاس میں 3.2 بلین ڈالر کے 13 فعال منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ،ان منصوبوں کی تعمیر میں ورلڈ بینک معاونت کررہا ہے ۔
بدھ کو جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق اب تک 40 فیصد یعنی 1.33 بلین ڈالر صرف کیے جا چکے ہیں ، اجلاس میں انہوں نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے رکاوٹوں کو دور کر نے اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ نے متعلقہ وزیر کے تعاون سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔کراچی موبیلٹی منصوبہ تین اجزا پر مشتمل ہے ۔وزیراعلی سندھ نے یلو لائن کوریڈور کے روڈ انفرااسٹرکچر کی ڈیولپمنٹ کے لیے 177 ملین ڈالر ز، آپریشنلائزیشن کے لیے 260 ملین ڈالر اورکیپیسٹی بلڈنگ اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ کے لیے 6 ملین ڈالر مختص کیے ۔ وزیر توانائی ناصر شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کے لیے 34 سائٹس میں سے 33 سائٹس پر تنصیبات مکمل کر لی گئی ہیں، ان میں سے 4 سائٹس ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہیں۔ ایک سائٹ جلد ہی مکمل ہو جائے گی۔