سکھر کے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کا فیصلہ

سکھر کے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کا فیصلہ

سکھر(رپورٹ:شنکر لعل وادھوانی)سکھر ڈویژن کے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ کمشنر فیاض عباسی کا پولیس اور دیگر اداروں کو اس حوالے سے فوری حرکت میں آنے کی ہدایت۔

 تفصیلات کے مطابق سکھر کے ڈویژنل کمشنر فیاض احمد عباسی کی زیر صدارت تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک، اس کے استعمال کی حوصلہ شکنی اور روک تھام کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی جی سکھر عبدالحمید کھوسو، سکھر، گھوٹکی اور خیرپور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، اسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال اور نوجوانوں کے اس بری لت میں مبتلا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور منشیات کے استعمال کو روکنے ، نوجوان نسل کو اس برائی سے بچانے ، منشیات کا کاروبار کرنے والے افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارر وائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر اداروں کو فوری حرکت میں آنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کے دوران کمشنر فیاض احمد عباسی نے کہا کہ معماران وطن کے مستقبل سے کھیلنے کی ہرگزاجازت نہیں دی جائیگی ۔منشیات کے استعمال کوروکنا اور نوجوان نسل کواس لعنت سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ہمیں یہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی اور ملک کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچانا ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے اس حوالے سے اپنا تمام ضروری کردار ادا کریں ۔ اجلاس میں شرکاء نے منشیات کی لعنت سے معاشرے کو نجات دلانے کے لیے مختلف پہلوؤں پرغور کیا اور مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں