فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

 فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

سکھر(نمائندہ دنیا)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی کی اپیل پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کو ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین منایاگیا۔۔

اس سلسلے میں سکھر،لاڑکانہ،جیک آباد سمیت ملک بھرکے بڑے جھوٹے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور مساجد کے باہراسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے سلسلے میں جاری دستخطی مہم کے کیمپ لگائے گئے ۔اطلاعات کے مطابق سکھر میں جامع مکرانی مسجد کے باہر آزاد فلسطین ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما علامہ نور احمد قاسمی ،ضلعی صدر محمد رضوان قادری اور سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے ۔ ریلی و مظاہرے کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھاکہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرناعالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،موجود ہ حالات میں پورے عالم اسلام کی جانب سے اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے ، اسرائیل نے گزشتہ سات دہائیوں سے لاکھوں فلسطینیوں کو دربدر کیا ہے ، بچوں اور خواتین کا قتل عام کیااور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو نہ روکاگیا تو اس سے پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ جائے گا،اسرائیلی مظالم اور بربریت پراقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا خاموشی شرمناک ہے ، پونے دوارب مسلمان شدیدبے چین ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کے حکمران اْمت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں