حیدرآباد:مختلف علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت

 حیدرآباد:مختلف علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت

حیدر آباد(نمائندہ دنیا)میئر حیدر آباد کاشف علی شورونے حیدرآباد شہباز ہال میں اعلی ٰسطح اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدرشاہ نے کی۔ اجلاس میں ڈوئل کیرج آٹو بھان روڈ ،رنگ روڈ کی تعمیر اور حیسکو سے متعلق اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

 اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے شرکت کی ۔اجلاس میں کمشنر حیدرآباد احسن علی قریشی ،انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی ،سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امجد شیخ ،ڈائریکٹر جنرل حیدرآ باد ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرویز احمد بلوچ ودیگر بھی موجود تھے ۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تجاوزات ہٹانے کیلئے ہدایت دی ۔ میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے آٹو بھان روڈ فیز ٹو کی تعمیر میں سست روی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں عدم دلچسپی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور مقامی حکومتی پروجیکٹ کے اراکین پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے کہا کہ میرے کمشنر حیدرآباد کے دور میں یہ مسئلے تھے جو کہ تاحال برقرار ہیں ۔ چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدرشاہ نے کمشنر کے ساتھ ساتھ پروجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ پروجیکٹ کی تکمیل میں بقایا رہ جانے والے تمام کاموں کو جلد سے جلد مکمل کر یں۔انہوں نے حیسکو حکام سے کہا کہ سڑکوں کے کناروں سے بجلی پول ہٹائے جائیں ، یہ پول عوام کے لیے خطرناک ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں