صنعتی ترقی کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنا ہوگا،صوبائی وزیر

 صنعتی ترقی کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنا ہوگا،صوبائی وزیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت محکمہ صنعت و تجارت کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری صنعت محمد یاسین شر بلوچ، ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

سیکرٹری صنعت محمد یاسین شر بلوچ اور ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کو جاری ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے افسران سے کہا کہ وہ صوبے میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے ساتھ اچھے ورکنگ ریلیشن شپ کو برقرار رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود صنعتی زونز کا دورہ کرکے درپیش مسائل کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کو بہتر کریں، تجاوزات کا خاتمہ کریں اور ملازمین کی بروقت تنخواہوں کے اجراء کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ کے افسران اہداف حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں