حکومت نے قرضوں کے ریکارڈتوڑ دیے ،محمدحسین محنتی

حکومت نے قرضوں کے ریکارڈتوڑ دیے ،محمدحسین محنتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سود وقرضوں کی معیشت سے نجات کے بغیر ملک ترقی اور عوام مسائل سے نجات حاصل نہیں کرسکتے۔۔

اہل ومخلص قیادت کو موقع نہ ملنے کی وجہ سے تیل،گیس،کوئلے اور زراعت سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود ملک کا عام آدمی دوقت کی روٹی کے لیے پریشان ،صحت، تعلیم اور صاف پانی جیسے بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فریدہ اسپتال گلشن حدید کے دورے کے موقع پر کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال نے امیر صوبہ کو اسپتال کی کارکردگی اورمختلف شعبہ جات سے آگاہی دی۔صوبائی امیرنے مزیدکہا کہ حکومت نے ایک ہفتے کے دوران بینکوں سے 650ارب روپے قرضہ لیکر تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، ملک میں کمر توڑ مہنگائی بھی اسی کا نتیجہ ہے ، بھاری قرضوں کی وجہ سے حکومت کو کل بجٹ کے نصف سے بھی زیادہ سود کی ادائیگی میں ادا کرنے ہونگے اندازہ کریں کہ پھر ملک کیسے چلے گا؟ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ایک بار پھر نئے قرض پروگرام کی درخواست کی منظوری قابل تشویش ہے کیونکہ مالیاتی ادارے سے نئے قرضے ملک وقوم کے ساتھ دشمنی اور آزاد وخود مختاری کو گروی رکھنے کے مترادف ہوگا۔علاوہ ازیں محمد حسین محنتی عمرے کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے ، انہوں نے اپنی غیر موجودگی پر کاشف سعید شیخ کو قائم مقام امیر صوبہ مقرر کیا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں