ٹنڈو محمد خان :سیاسی مخالفین انتقام پر اتر آئے ،ترقی پسند پارٹی

ٹنڈو محمد خان :سیاسی مخالفین انتقام پر اتر آئے ،ترقی پسند پارٹی

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ دنیا) سیاسی مخالفین انتقام پر اتر آئے ہیں، ہمارے کارکنان پر جھوٹے مقدمات بنا کر گھروں پر چھاپے مارے جارہے ، اگر انتقامی کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر احمد نوناری ، اقبال حاجانو، سارنگ شاہ اور دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں سندھ ترقی پسند پارٹی نے حلقہ پی ایس 67 میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کیا اور حلقے کے عوام نے ڈاکٹر قادر مگسی کو ہزاروں کی تعداد میں ووٹ دئیے لیکن دھاندلی کے ذریعے ترقی پسند پارٹی کے امیدوار کو ہرا دیا گیا ، انتخابات میں ترقی پسند پارٹی کو ووٹ دینے والی برادریوں کو پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے ذریعے کامیاب ہونے والے نمائندوں کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے ، ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، ان پر جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ، جبکہ سرکاری ملازمین کو دیگر اضلاع میں تبادلے کرکے سزا دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں منشیات کی سرعام فروخت جاری ہے ،لیکن انتظامیہ خاموش ہے ، پولیس منشیات فروشوں سے منتھلی لینے میں مصروف ہے ،جبکہ نوجوان نسل تیزی سے تباہ ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ ترقی پسند پارٹی کے ووٹرز اور سپوٹرز کو ہراساں کئے جانے کا سلسلہ فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو 29 اپریل سے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں